منگلورو:16؍جنوری (ایس اؤ نیوز) گذشتہ ہفتے قریبی علاقہ اُلال کے توکوٹو میں تین بیف اسٹالس کو آگ لگادی گئی ہے، اس ضمن میں آج سنیچر کو اُلال پولس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس کی شناخت توکوٹو، ولاپیٹے کے مکین ناگراج (37) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ توکوٹو میں بیف کی تین دکانوں کو اُس وقت آگ لگادی گئی تھی، جب کچھ روز پہلے ہی بجرنگ دل اور وشواہندوپریشد نے ان دکانوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ایک تنازعہ کھڑا کردیا تھا اور محکمہ پولیس اور الال میونسپل کمشنر نے مانگ کی تھی کہ ان دکانوں کو وہاں سے ہٹا دیا جائے۔
اُن تین دکانوں کے تعلق سے پتہ چلا تھا کہ وہ کئی برسوں سے بلدیہ سے لائسنس کے ساتھ بیف بیچنے والی دکانیں تھیں۔ چونکہ اصل مارکیٹ کی مرمت اور تعمیر نو ہورہی ہے اس لئے مارکیٹ کے قریب میں واقع خالی جگہ پر میونسپالٹی کے اجازت سے ہی ان دکانوں کو عبوری طور پر منتقل کیا گیا تھا۔ بیف کی دکانوں کو آگ لگانے کی بات معلوم ہوتے ہی بیف بیوپاریوں کی ایسو سی ایشن کے ذمہ داروں نے رکن اسمبلی یو ٹی قادر سے ملاقات کی تھی اور میونسپالٹی کے حکام سمیت پولیس افسران سے ملاقات کرتے ہوئے انصاف دلانے کا مطالبہ کیا تھا اور جلائی گئی بیف کی دکانوں کو واپس اسی مقام پر از سر نو بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد اُن دکانوں کو اُسی شام بحال کردیا گیا تھا۔ اس تعلق سے کانگریس سمیت پی ایف آئی کارکنوں نے پولس سے مطالبہ کیا تھا کہ آگ لگانے والوں کا جلد سے جلد پتہ لگایا جائے اور اُنہیں گرفتار کرتے ہوئے سخت قانونی کاروائی کی جائے۔
واقعے کے ایک ہفتے بعد پولس نے آگ لگانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ ناگراج کرائےکے ایک مکان میں اپنی ماں کے ساتھ رہتاہےاور خاص بات یہ ہے کہ وہ توکوٹو کے بیف اسٹال سےاکثر گوشت خرید کر اپنے دوست کے گھرمیں پکا کر کھایا بھی کرتا تھا۔
پولس ذرائع سے مطابق ملزم نے گوشت کے دکاندار سے متعینہ قیمت سے زائد گوشت کا مطالبہ کیا تو دکاندار نے کہاکہ جتنی رقم دی گئی ہے اُس رقم میں اتنا ہی گوشت ملے گا اسی بات سے مشتعل ہوکر ناگراج نے رات کے اوقات میں دکان کو آگ لگادی تھی۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے اسی دن مٹی کا تیل اور ماچس کی ڈبی خرید کر 9جنوری کی رات 2بجے کے قریب گوشت کی دکان کو آگ لگائی تھی اس کے بعد اپنی ماں کے پاس واقعہ کے متعلق بتایا بھی تھا۔ مگر ماں نے یہ سوچ کر خاموشی اختیار کی تھی کہ وہ شراب کے نشےمیں جھوٹ بول رہاہے صبح جب معاملہ ظاہرہوا تو ماں کو سچائی کا پتہ چلا۔
مینگلور میں پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے پولس کمشنر این ششی کمار نے بتایا کہ معاملےکو لے کر اُلال تھانے میں کیس داخل کرنےکے بعد ملزم کی گرفتاری کےلئے پولس نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی ۔ گوشت دکان کے اطراف نصب کئے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کرنے کے بعد اس شخص کو تحویل میں لیاگیا۔ ملزم کی کارستانی سی سی ٹی وی فوٹیج میں قید ہوئی تھی ۔ ثبوت اکٹھا ہونے کے بعد ہی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کمشنر کے مطابق گرفتار شدہ شخص کے خلاف اس سے قبل کوئی کیس درج نہیں ہےاور ناگراج نے پوچھ تاچھ کے دوران اپنی کرتوتوں کو قبول بھی کرلیاہے۔ جانچ جاری ہے۔ پریس کانفرنس میں ڈی سی پی ہری رام شنکر موجود تھے۔